ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جنم اشٹمی کے موقع پر متھرا کے مندر میں بھگدڑ، دم گھٹنے سے دو افراد ہلاک، متعدد زخمی

جنم اشٹمی کے موقع پر متھرا کے مندر میں بھگدڑ، دم گھٹنے سے دو افراد ہلاک، متعدد زخمی

Sat, 20 Aug 2022 10:54:28    S.O. News Service

متھرا ،20؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) یوپی  میں ضلع متھرا کے ایک مندر میں جنم اشٹمی کے موقع پر آرتی کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے دو افراد کی موت ہو گئی، جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق متھرا کے ورنداون واقع بانکے بہاری مندر میں جنم اشٹمی کے موقع پر کی جانے والی منگلا آرتی آرتی میں شامل ہونے کے لئے مچی ہوڑ کے دوران دم گھٹنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں کم از کم سات عقیدت مندوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔

مقامی انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ یہ دردناک واقعہ شری کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر بانکے بہاری مندر میں ہونے والی منگلا آرتی کے دوران پیش آیا۔ کچھ عقیدت مندوں نے زیادہ بھیڑ کی وجہ سے دم گھٹنے کی شکایت کی۔ جس کی وجہ سے 2 عقیدت مندوں کی موت ہوگئی، جب کہ 7 افراد کی طبیعت بگڑنے پر قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ جنم اشٹمی کے تہوار پر منگلا آرتی مندر میں کرشن کی پیدائش کے بعد سال میں صرف ایک بار کی جاتی ہے۔ اس میں شرکت کے لیے جمعہ کی رات سے ہی مندر میں ایک بڑی بھیڑ جمع تھی۔ اس دوران مندر میں تعینات پولیس فورس بھی بھیڑ کے سامنے بے بس نظر آئی۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت مندر میں ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔


Share: